خامنہ ای کی شہادت،مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ہڑتال
سرینگر و دیگر اضلاع میں کاروباری و تعلیمی ادارے بند ،ٹریفک معطل ایرانی قیادت اور عوام کیساتھ دلی یکجہتی کااظہارکرتے ہیں:میر واعظ
سری نگر(کے پی آئی) ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت پر پیر کو مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ہڑتال رہی اور مظاہرے کیے گئے قابض حکام نے مظاہروں کو روکنے کے لیے کرفیو جیسی پابندیاں لگا دی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور متحدہ مجلس علما(ایم ایم یو) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے خامنہ ای کے قتل پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے شدید مذمت کی اوراسے کھلی جارحیت قرار دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں کشمیر کے عوام ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ دلی یکجہتی کااظہارکرتے ہیں۔سرینگر، بڈگام، پلوامہ، بارہمولہ اور دیگر اضلاع میں ہڑتال کے باعث تمام دکانیں، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے ۔ حساس علاقوں بالخصوص سرینگر شہر میں بھارتی پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جامع مسجد اور لال چوک کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کرنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔