مودی کا سعودی ولی عہد کو فون، مملکت پر حملوں کی مذمت
مودی نے انڈین کمیونٹی کی دیکھ بھال کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا بھارتی وزیراعظم کااسرائیلی ہم منصب ، اماراتی صدر سے بھی رابطہ ،امن کی اپیل
نئی دہلی(اے ایف پی)بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے ولی عہد ، وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر رابطہ کیا اور مغربی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کی۔انڈیا نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کی جلد بحالی انتہائی اہم ہے ۔ انڈین وزیرِاعظم نے مشکل حالات میں انڈین کمیونٹی کی دیکھ بھال کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔علاوہ ازیں مودی نے پیر کو اپنے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو سے فون پر بات چیت کی اور ایران پر حملوں کے بعد تنازع کے فوری خاتمے کی اپیل کی۔ مودی نے کہا کہ بھارت شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے اور تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ مودی نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے بھی بات کی اور علاقے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔