انڈونیشیا اور بھارتی ریاست کرناٹکا میں 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی
جکارتہ ،بنگلورو(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)انڈونیشیا اور بھارت کی ریاست کرناٹکا میں 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگادی گئی۔۔۔
انڈونیشیا کے وزیر مواصلات میوتیا حفید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 28مارچ سے ہائی رسک پلیٹ فارمز پر 16 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس کو غیر فعال کرنا شروع کردیاجائے گا، بچوں کے یوٹیوب، ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، تھریڈز، ایکس، بگو لائیو اور روبلوکس ایپ کے استعمال پر پابندی ہوگی ۔بھارت کی ٹیکنالوجی ہب کہلانے والی ریاست کرناٹکا میں گزشتہ روز سے پابندی پر عملدرآمد کا آغاز کردیاگیا۔ریاستی وزیر اعلیٰ سدارمیا کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے ، بعض دیگر بھارتی ریاستیں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہیں۔