ایران روسی مدد سے امریکی اڈوں پر حملے کر رہا:یورپی یونین
ایران کو روسی انٹیلی جنس ،ڈرون کے ذریعے سپورٹ حاصل ہے :کاجا کالاس روس ایران جارحیت کا محور،تہران کے پیچھے روسی صدر کا ہاتھ:برطانوی وزیر
پیرس(اے ایف پی)یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتکار کا کہنا ہے کہ روس ایران کو انٹیلی جنس سپورٹ فراہم کر رہا ہے تاکہ امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جا سکے ۔ کاجا کالاس نے پیرس میں جی سیون اجلاس میں کہا کہ روس ایران کو ڈرون کے ذریعے پڑوسی ممالک اور امریکی فوجی اڈوں پر حملے میں بھی مدد کر رہا ہے ۔ انہوں نے امریکاپر زور دیا کہ روس پر دباؤ بڑھایا جائے تاکہ ایران کی جارحیت کو روکا جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تنازعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں ،روس کی یوکرین میں مداخلت بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان جارحیت کا محور قائم ہے ۔انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ ترین دفاعی انٹیلی جنس سے پتہ چلتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات سے قبل روس نہ صرف ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہا تھا بلکہ ایران کو تربیت بھی فراہم کر رہا تھا۔جان ہیلی کا کہنا ہے کہ ایران کے پیچھے روسی صدر پیوٹن کا ہاتھ ہے ۔