بارسلونا :سپین،مصر فٹبال میچ میں مسلمان مخالف نعرے
مصری قومی ترانے کے دوران بھی ہجوم نے طنزیہ رویہ اختیارکیا :تحقیقات شروع غیر مہذب اقلیت حقیقت کو داغدار نہیں کر سکتی:ہسپانوی وزیر اعظم،شدید تنقید نعرے شرمناک اورناقابل قبول،خاموش رہنا سازش کے مترادف:وزیر انصاف
میڈرڈ(اے ایف پی)سپین کی پولیس نے بارسلونا میں سپین اور مصر کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ میں نسل پرستی اور اسلاموفوبک نعرے لگانے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ مصر کے قومی ترانے کے دوران بھی ہجوم نے طنزیہ رویہ اختیار کیا۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے مسلمان مخالف نعرے بازی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ سانچیز نے کہا کہ یہ رویہ ناقابل قبول ہے ،انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ایک غیر مہذب اقلیت سپین کی حقیقت کو داغدار نہیں کر سکتی، سپین ایک متنوع اور برداشت کرنے والا ملک ہے ۔سپین کے وزیرانصاف فیلکس بولانوس نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نسل پرستی اور اسلاموفوبک نعرے معاشرے کے لیے شرمناک اور نا قابل قبول ہیں ، انتہا پسندی کے خلاف خاموش رہنا سازش کے مترادف ہے ۔سپین کے فٹبال کھلاڑی لامین یمال نے نعرے ناقابل قبو ل قرار دئیے ۔