شہری انفراسٹرکچر پرحملے غیرقانونی:صدر یورپی کونسل
ایران جنگ کا حل صرف سفارتکاری کے ذریعے ممکن :انتونیو کوسٹا
برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے ایران میں شہری انفراسٹرکچر پر حملوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا یہ غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے ، ایران کے ساتھ جاری جنگ کا حل صرف سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے ۔انہوں نے ایکس پر لکھا ‘شہری انفراسٹرکچر، خصوصاً توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے ۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر ایران آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولتا تو وہ ایرانی انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیں گے ۔بین الاقوامی فوجداری عدالت کے بانی چیف پراسیکیوٹر لوئس مورینو اوکامپو پہلے ہی بی بی سی کو بتا چکے ہیں کہ ایران کے خلاف جنگ بین الاقوامی قانون کے تحت جارحیت کے جرم کے زمرے میں آتی ہے ۔مزید یہ کہ 100 سے زیادہ بین الاقوامی قانون کے ماہرین نے ایک کھلا خط بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے امر یکا ، اسرائیل اور ایران کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔