پاکستان افغانستان نے کشیدگی نہ بڑھانے پر اتفاق کیا،چین
دونوں ممالک کیساتھ رابطے ،بات چیت کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرینگے ،ترجمان معمولی اختلافات مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بنیں گے ،قائم مقام افغان وزیر خارجہ
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک )چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں چین کی میزبانی میں ہونیوالے مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان نے فوجی کشیدگی میں مزید اضافہ نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان نے اُرومچی میں امن بات چیت کے دوران اتفاق کیا کہ وہ گذشتہ اکتوبر میں دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کا جامع حل تلاش کریں گے ۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ترجمان نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے ان ملاقاتوں میں اتفاق کیا کہ وہ ایسی کارروائیاں نہیں کرینگے جو صورتحال کو مزید بڑھاوا دیں یا پیچیدہ بنائیں،یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کرینگے ۔ چین دونوں ممالک کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا اور بات چیت کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔منگل کو کابل میں طالبان انتظامیہ نے بتایا تھا کہ دونوں ملکوں نے چین میں ہونے والی بات چیت میں تنازع کے حل کے لیے مؤثر پیش رفت کی ہے ۔چین گذشتہ کئی ہفتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع کو سلجھانے کے لیے ثالثی کی کوشش کر رہا ہے ۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بتایا ابتک مفید بات چیت ہوئی ہے اور امید ظاہر کی کہ معمولی نوعیت کے اختلافات مذاکرات کی پیشرفت میں رکاوٹ نہیں بنیں گے ۔