جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی بمباری ،3لبنانی شہید

جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی بمباری ،3لبنانی شہید

نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ ،15سالہ فلسطینی لڑکا شہید :فلسطینی اتھارٹی

بیروت ،غزہ (اے ایف پی)اسرائیل کے جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں فضائی حملے کے دوران 3افرادشہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں فائرنگ کرکے 15سالہ لڑکے کو شہید کردیا۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جمعرات کے روز جنوبی لبنان کے نباتیہ ضلع میں شوقین روڈ پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ یاطر گاؤں پر ایک اور حملے میں ایک بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔فلسطینی اتھارٹی کی وزارتِ صحت کے مطابق جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 سالہ لڑکا یوسف سامح شتایہ شہید ہوگیا۔دوسری طرف لبنان کی جانب سے جنوبی لبنان میں صحافیوں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔لبنانی وزیرِ اطلاعات نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کی مکمل ذمے داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے ، اسرائیل صحافیوں کے تحفظ اور آزادی صحافت یقینی بنانے کی ضمانت دے ۔لبنانی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تعاقب کر کے اس عمارت کو نشانہ بنایا جہاں خواتین صحافی پناہ لئے ہوئے تھیں۔واضح رہے کہ ایک روز قبل جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 1 خاتون صحافی امل خلیل جاں بحق ہو گئی تھیں جب کہ دوسری صحافی زینب زخمی ہو گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں