توانائی بحران: ٹوکیو میں سرکاری ملازمین کو شارٹس پہننے کی اجازت
کول بز مہم کے نئے مرحلے میں ایئر کنڈیشننگ پر انحصار کم کرنے کی کوشش اقدام کی بھرپورحمایت ،وجہ بجلی کی طلب و رسد کے سنگین حالات ہیں :گورنر
ٹوکیو (اے ایف پی)جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی مقامی حکومت نے بڑھتی ہوئی توانائی لاگت کے پیش نظر اپنے ملازمین کو دفتر میں شارٹس پہننے کی اجازت دیدی ہے تاکہ ایئر کنڈیشننگ پر انحصار کم کیا جا سکے ۔لباس کے ضوابط میں یہ نرمی کول بز مہم کے نئے اور توسیع شدہ مرحلے کا حصہ ہے ۔ یہ توانائی بچانے کی ایک مہم ہے جس کا آغاز جاپان کی وزارتِ ماحولیات نے 2005 میں کیا تھا، جس کے تحت سرکاری ملازمین کو گرمیوں میں ٹائی اور کوٹ چھوڑنے کی ترغیب دی گئی تھی۔ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے باعث ممکنہ توانائی بحران کے پیش نظر ٹوکیو انتظامیہ نے اس مہم کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اس ماہ سے ملازمین کو شارٹس پہننے کی اجازت دی ہے ۔ٹوکیو کی گورنر یوریکو کوئیکے ، جنہوں نے تقریباً دو دہائیاں قبل بطور وزیرِ ماحولیات کول بز مہم شروع کی تھی، اس اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس موسمِ گرما میں ایسے ٹھنڈے لباس کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جو آرام کو ترجیح دے ، جس میں پولو شرٹس، ٹی شرٹس اور سنیکرز شامل ہیں اور کام کی نوعیت کے مطابق شارٹس بھی۔انہوں نے اس کی وجہ بجلی کی طلب و رسد کے سنگین حالات کو قرار دیا ہے ۔