سپرلیگ : یونائیٹڈ نے کنگز مین کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 81رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد نے ساتویں اوور میں 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا کنگزمین کی بیٹنگ مکمل طور پر بکھر گئی یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا بدترین سکور بن گیا،گلیسن، شاداب کے تین، تین شکار
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ الیون کے 36 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساتویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بیٹر محسن ریاض نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، سمیر منہاس 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا اور اسلام آباد کی بولنگ لائن کے سامنے حیدرآباد کنگزمین ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ مکمل طور پر بکھر گئی ہے اور 16 اوورز میں پوری ٹیم 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا بدترین سکور بن گیا۔
اس سے قبل ان کا کم ترین سکور 130 تھا جو لاہور قلندرز کے خلاف کیا تھا۔میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی وکٹیں تیزی سے گریں، خاص طور پر درمیانی اور آخری اوورز میں کوئی بیٹر اننگز کو سنبھال نہیں سکا، عثمان خان 25 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ سکورر رہے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حسنین اور محمد فائق کی جگہ محسن ریاض اور سلمان مرزا ٹیم کا حصہ تھے ۔اسی طرح حیدرآباد کنگزمین نے ایک تبدیلی کی، آصف محمود کو عاکف جاوید کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔