ننکانہ ،راولپنڈی:مبینہ مقابلوں میں 6ڈاکو ہلاک، ایک فرار

ننکانہ ،راولپنڈی:مبینہ مقابلوں میں 6ڈاکو ہلاک، ایک فرار

سی سی ڈی کے روکنے پرملزموں نے فائرنگ کردی ، قیصر ،عمر اورشریف مارے گئے ڈھوک بابا میںڈاکو سرفراز، عبداﷲاور اصغر جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگئے

ننکانہ صاحب،راولپنڈی (خبر نگار،اے پی اپی) ننکانہ اورراولپنڈی میں مبینہ مقابلوں میں 6 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک فرار ہو گیا۔بتایاگیاہے کہ تھانہ صدر ننکانہ کی حدود میں سی سی ڈی ٹیم گشت کر رہی تھی کہ مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیاتوملزموں نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی اور دونوں جانب سے فائرنگ کا  تبادلہ ہوا،جس کے نتیجے میں تین ملزم قیصر سکنہ عیسیٰ نگر شیخوپورہ، عمر حیات سکنہ کلپی ڈوگراں ضلع شیخوپورہ اور شریف سکنہ شاہ کوٹ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے ۔ پولیس کے مطابق ملزم قیصر اور عمر حیات ڈکیتی، رابری اور چوری کے بالترتیب 22 اور 28 مقدمات میں مطلوب تھے ، جبکہ ملزم شریف منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

تینوں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے اورایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال ننکانہ منتقل کر دیاگیا ۔راولپنڈی میں تھانہ صدر بیرونی کے علاقے ڈھوک بابا میں 15 کال پر جانے والی پولیس ٹیم پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے فائرنگ کی اور قریبی جنگل میں مورچہ زن ہو گئے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں ملزم سرفراز، عبداﷲاور اصغر مارے گئے ، جو ڈکیتی اور چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے ۔دوسری طرف پاکپتن میں تھانہ سٹی عارف والا پولیس نے 147/EB گاؤں کے قریب 2 مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کااشارہ کیاتووہ فصل مکئی میں گھس گئے اورپولیس پرفائرنگ کردی،دوطرفہ فائرنگ کے دوران ایک ملزم حسنین زخمی حالت میں پکڑاگیا جبکہ ملزم چھری مارفرارہوگیا،زخمی کو عارفوالہ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں