امریکا ساتھ نہ دینے پر نیٹو ممالک کیخلاف کارروائی کریگا

امریکا ساتھ نہ دینے پر نیٹو ممالک کیخلاف کارروائی کریگا

سپین سے فوجی معاہدے معطل کرنے پر غور،پینٹا گون کی ای میل میں انکشاف اہم عہدوں والے نیٹوممالک سے معاہدے معطل کرنے پربھی غور:امریکی عہدیدار

 واشنگٹن (دنیانیوز)امریکا ایران جنگ میں ساتھ نہ دینے پر نیٹوممالک کیخلاف کارروائی کرے گا ،اس بات کا انکشاف پینٹا گون کی ایک ای میل افشا ہونے پرہواہے ۔ایک امریکی عہدیدار نے غیرملکی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پینٹاگون سپین سے فوجی معاہدے معطل کرنے پر  غور کررہا ہے ۔ پینٹاگون کی ایک اندرونی ای میل میں امریکا کے نیٹو اتحادیوں کو سزا دینے کے آپشنز پر بات کی گئی ہے جس میں سپین سے فوجی معاہدے معطل کرنے کا بھی ذکر شامل ہے ۔عہدیدار نے بتایا کہ سزاؤں کے آپشنز کی وجہ نیٹو کا ایران جنگ میں امریکی کارروائیوں کی حمایت نہ کرنا ہے ، ای میل میں سپین سے امریکی فوجی معاہدے کو معطل کرنے پر بھی غور کیا گیا ہے ۔ای میل کی وضاحت کرنے کیلئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے عہدیدار نے بتایا کہ نیٹو مخالف پالیسی کے اختیارات کو ایک نوٹ میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے جس میں کچھ اتحادیوں کی جانب سے امریکا کو ایران جنگ کیلئے رسائی اور فضائی حدود استعمال نہ کرنے دینا بھی شامل ہے ۔ ای میل میں نیٹو رُکن ممالک میں سے مشکل ممالک جو نیٹو کے اہم عہدوں پر ہیں، سے معاہدے معطل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو نے ان رپورٹوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ای میلز کو دیکھتے ہوئے کام نہیں کرتے ، ہم سرکاری دستاویزات پر کام کرتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں