اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا پروسٹیٹ کینسر کا کامیاب علاج صحت یابی کاسرٹیفکیٹ مل گیا
یروشلعم(اے ایف پی)اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو گزشتہ روز تاخیر سے اپنی سالانہ طبی رپورٹ جاری کی، جس میں بتایا گیاہے کہ ڈاکٹروں نے ان کے پروسٹیٹ سے ایک چھوٹا سا ابتدائی مرحلے کا مہلک ٹیومر کامیابی سے نکال دیا ہے۔۔۔
76سالہ نیتن یاہونے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایاکہ 18 ماہ قبل ان کا کامیاب آپریشن ہوا تھا، جس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی تھی اوراب ٹیسٹوں سے ثابت ہوا کہ یہ مکمل طور پر ختم ہوگیاہے اورڈاکٹرز نے صحت یابی کا سرٹیفکیٹ دے دیاہے تاہم انہوں نے علاج کی تاریخ نہیں بتائی۔انہوں نے اپنی سالانہ میڈیکل رپورٹ کے اعلان میں 2 ماہ کی تاخیر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف جھوٹی پروپیگنڈا مہم سے بچنے کیلئے اٹھایا گیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق گزشتہ سال مئی میں یروشلم کے ایک ہسپتال میں نیتن یاہو کامعمول کا کولونوسکوپی بھی کیا گیا تھا۔ دسمبر 2022 میں دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد سے نیتن یاہو کئی بار ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں۔مارچ 2024 میں ان کا ہرنیا کا آپریشن ہوا، جبکہ اسی سال دسمبر میں بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کا آپریشن کیا گیا۔جولائی 2023 میں انہیں چکر آنے کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کیا گیا، جس کے بعد ان کے دل میں پیس میکر نصب کیا گیا۔