ٹرمپ پرباربارحملہ،ریگن پربھی ہلٹن ہوٹل میں فائرنگ ہوئی

ٹرمپ پرباربارحملہ،ریگن پربھی ہلٹن ہوٹل میں فائرنگ ہوئی

جولائی2024کو جلسے میں گولی ٹرمپ کے کان کو چھو کرگزری، شہری ماراگیا 1980میں سابق صدرریگن شدیدزخمی ہوئے ،پریس سیکرٹری معذورہوگیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ اُن  کے ساتھ ایسے واقعات بار بار کیوں پیش آتے ہیں، جس کے پس منظر میں گزشتہ چند برسوں کے دوران پیش آنے والے متعدد سکیورٹی واقعات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔جولائی 2024 میں ریاست پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں ایک انتخابی جلسے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں کان کو گولی چھو کر گزر گئی تھی جبکہ اس واقعہ میں ایک شہری ہلاک بھی ہوا۔ اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں کے حصار میں جاتے ہوئے ٹرمپ نے فائٹ، فائٹ، فائٹ کا نعرہ لگایا تھا۔ستمبر 2024میں فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب ایک مشتبہ مسلح شخص کی موجودگی پر سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا اور صدر کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ فروری 2026 میں ایک اور مسلح شخص کو فلوریڈا میں ٹرمپ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہلاک کر دیا گیا، اس وقت صدر واشنگٹن میں موجود تھے ۔ تازہ فائرنگ کا واقعہ اسی مقام واشنگٹن ہلٹن ہوٹل پر پیش آیا جہاں 1981 میں سابق امریکی صدررونالڈ ریگن پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔ 30 مارچ 1981 کو حملہ آور جان ہینکلی جونیئر نے ریگن پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب وہ ایک خطاب کے بعد ہوٹل سے باہر آ رہے تھے ۔

اس حملے میں رونالڈ ریگن شدید زخمی ہوئے تھے ، ایک گولی ان کے جسم میں لگی جس سے ان کی پسلی ٹوٹ گئی اور پھیپھڑا متاثر ہوا۔ انہیں فوری طور پر جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔اس واقعہ میں اُس وقت کے پریس سیکرٹری جیمز بریڈی بھی شدید زخمی ہوئے اور عمر بھر معذوری کا شکار رہے ۔ حملہ آور کو ذہنی بیماری کی بنیاد پر مجرم قرار نہیں دیا گیا اور اسے ایک نفسیاتی ہسپتال میں رکھا گیا، جہاں سے اسے برسوں بعد رہائی ملی۔تازہ واقعہ کے بعد سکیورٹی انتظامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھ رہے ہیں جبکہ ماہرین کے مطابق امریکی صدور کو لاحق خطرات کی تاریخ طویل رہی ہے اور ایسے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں