وفد کی بہترین سکیورٹی ،مہمان نوازی پر شکر گزار،پاک،ایران دوستی زندہ باہ:ایرانی سفیر
وزیر اعظم، فیلڈ مارشل نے جنگ کے خاتمے ، پائیدار امن کیلئے انتھک کو ششیں ،مثبت سفارتی کردار کا مظاہرہ کیا عباس عراقچی کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کا جائزہ ،خطے کی تازہ صورتحال پر مشاورت کرنا تھا، رضا امیری
اسلام آباد (دنیانیوز )پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ سید عباس عراقچی وزیر خارجہ ایران جو اس علاقائی سفارتی دورے کے آغاز پر پاکستان آئے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینا اور خطے کی تازہ صورتحال پر مشاورت کرنا تھا ، ایرانی وفد کے دورئہ پاکستان کے اختتام پر میں حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور عوامِ کا تہہ دل سے شکریہ اور قدردانی کرتا ہوں ،خصوصاً وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا جنہوں نے جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی انتھک کوششوں اور مثبت سفارتی کردار کا مظاہرہ کیا۔پچھلے دورے کی طرح، اس مرتبہ بھی وفد کے لئے مکمل سکیورٹی، تحفظ اور پُرسکون ماحول یقینی بنایا گیا، جو برادر، دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان کی مؤثر انتظامی صلاحیت، بہترین منصوبہ بندی اور کامیاب عملدرآمد کا نتیجہ ہے ،میں یہاں افواج کے اہلکاروں، سکیورٹی فورسز، پولیس، تمام سرکاری اداروں کے عملے اور خصوصاً پاکستان کے عوام اور اسلام آباد کے شہریوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے اس دوران صبر، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا ،ایران-پاکستان،دوستی زندہ باد۔