چین کیساتھ تعلقات خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون،دل ہمیشہ قریب رہیں گے:صدر زرداری
صدر مملکت کا دورہ سانی ہیوی انڈسٹری ، حنان ٹی گروپ، اہم شعبوں میں پاکستان کیساتھ اشتراک کی دعوت گورنر ہونان کا صدر کے اعزازمیں عشائیہ ، سی پیک کی ترقی میں خلوصِ نیت سے کردار جاری رکھیں گے ، ما ویمنگ
چانگشا ، اسلام آباد (اے پی پی،سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے پاکستان اور چین کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں ،انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے قریب رہیں گے ، ہونان صوبے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ایوان صدرِ کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جبکہ پاکستان اور چین کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران صدر مملکت نے شین شیاؤمنگ کو پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک-چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں اور انہیں وسیع عوامی حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے ہونان کی زرعی ٹیکنالوجی اور آلات میں مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے کی کوششوں کے لیے نہایت اہم ہے ۔
انہوں نے بیجوں کی ٹیکنالوجی، زرعی تحقیق اور جدید کاشتکاری کے طریقوں میں قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ زرعی مشینری، معدنیات کی پروسیسنگ اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کی صلاحیت کو اجاگر کیا،ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، صدرِ مملکت نے ہونان کے گورنر ما ویمنگ کی جانب سے اپنے اعزاز میں د ئیے گئے عشائیے میں شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہونان ما ویمنگ نے پاکستان اور چین کو اچھے دوست، اچھے ہمسایہ، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہونان صوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی میں خلوصِ نیت سے اپنا کردار جاری رکھے گا ۔عشا ئیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ صدر زرداری کا ہونان کا دورہ چیئرمین ما سے ان کی خصوصی عقیدت کا مظہر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین زراعت، صنعت اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے رہے ہیں، امید ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا دونوں عوام کو قریب لانے میں مدد دے گا ، دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے چانگشا میں حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا ۔ صدر نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہا۔ جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر کو حنان ٹی گروپ کے آپریشنز، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی چائے کے باغات، خصوصی پیداواری سہولیات اور تقسیم کے نظام کو اس انداز میں منظم کیا گیا ہے کہ وہ مقامی فروخت اور برآمدات دونوں کی معاونت کرتے ہیں ۔ صدر نے چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کا دورہ کیا ،پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر نے صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری پر زور دیتے ہوئے ٹیکنالوجی کے وسیع انضمام ، صنعتی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سانی کمپنی کی پیداواری صلاحیت، معیار اور تکنیکی صلاحیت کو سراہا۔