’’آج رات ہال میں کچھ گولیاں چلیں گی ‘‘،ترجمان وائٹ ہاؤس کا تقریب سے قبل بیان سچ ہوگیا
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی )وائٹ ہاؤ س کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ کا ایک بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے وائٹ ہاؤ س کرسپونڈنٹس ڈنر کی تقریب سے عین قبل کہا تھا کہ آج رات ہال میں کچھ گولیاں چلیں گی۔
غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اگرچہ ان کا اشارہ صدر ٹرمپ کی کاٹ دار اور تیکھی تقریر کی طرف تھا لیکن تقریب کے دوران ہونے والے اصل حملے نے ان کے ان الفاظ کو ایک عجیب اور خوفناک رنگ دے دیا ہے ۔کیرولین لیوٹ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ آج مقابلے کیلئے تیار ہیں اور ان کی تقریر روایتی ڈونلڈ ٹرمپ سٹائل میں ہوگی، وہ مزاحیہ اور تفریح سے بھرپور ہوگی اور آج رات ہال میں کچھ گولیاں چلیں گی، اس لئے ہر کسی کو یہ دیکھنا چاہئے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ تقریر کس نے لکھی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ میں اس کا کریڈٹ نہیں لے سکتی کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے مخصوص انداز میں خود قلم اٹھاتے ہیں اور کاغذ پر اپنے خیالات لکھتے ہیں، اس لئے یہ زیادہ تر ان کا اپنا کام ہے ۔ابھی تقریب جاری تھی اور صدر ٹرمپ سٹیج پر موجود تھے کہ اچانک گولیوں کی تڑتڑاہٹ نے ہال کا سکون برباد کر دیا۔