مالی :القاعدہ کیساتھ جھڑپیں بم دھماکا، وزیر دفاع ہلاک
باماکو(اے ایف پی)مالی جنتا کے وزیر دفاع جنرل سادیو کامارا کو القاعدہ سے وابستہ باغی جنگجوؤں نے دارالحکومت باماکو کے قریب ان کے گھر کے باہر گاڑی میں نصب بم سے ہلاک کر دیا،
حملہ ہفتے کو اس وقت کیا گیا جب شدت پسند اور باغی گروپوں نے مالی میں کئی شہروں پر متعد د حملے کیے ، دارالحکومت کے قریب جنتا کے مضبوط مرکز کاتی پر بھی بڑا حملہ کیا گیا تھا۔ وزیر دفاع کے ایک رشتہ دار نے کہا کہ وزیر اور ان کے خاندان کے کم از کم تین افراد گاڑی پر بم حملے میں ہلاک ہو گئے ۔عرب میڈیا کے مطابق جنرل کامارا مالی کی فوجی حکومت کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے جس نے 2020 اور 2021 میں بغاوتوں کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔ انہیں موجودہ فوجی قیادت میں نہایت بااثر شخصیت اور ممکنہ مستقبل کے رہنما کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ ان کی موت کو ملکی فوج کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے ۔حملہ آوروں اور فورسز کے درمیان بماکو، گاؤ، کیدال، سیوارے اور دیگر شہروں میں بھی لڑائی جاری ہے ۔