600گوگل ملازمین کی پینٹاگان سے معاہدے کی مخالفت
اے آئی شہری آزادیوں کو نقصان یا پروفائلنگ میں استعمال ہو سکتی:سی ای او کو خط
واشنگٹن(اے ایف پی)600گوگل ملازمین نے پینٹاگان کیساتھ اے آئی معاہدے کی مخالفت کر دی ۔ ملازمین نے کمپنی سے مطالبہ کیا کہ وہ پینٹاگان کے ساتھ ممکنہ معاہدہ مسترد کرے ، جو اے آئی ٹیکنالوجی کو خفیہ فوجی آپریشنز میں استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔یہ خط گوگل کے سی ای او سندر پچائی کے نام بھیجا گیا ، گوگل ڈیپ مائنڈ، کلاؤڈ اور دیگر شعبوں کے ملازمین نے اس پر دستخط کیے ۔ بیان کے مطابق 20 سے زائد ڈائریکٹرز، سینئر ڈائریکٹرز اور نائب صدر بھی دستخط کنندگان میں شامل تھے ۔ایک کارکن نے کہا کہ خفیہ کاموں کی نوعیت ہی غیر شفاف ہوتی ہے ۔ ابھی کوئی طریقہ نہیں کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو شہری آزادیوں کے خاتمے کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔اے آئی افراد کی پروفائلنگ میں بھی استعمال ہو سکتی ہے ۔خط کے منتظمین کے مطابق گوگل نے معاہدے میں ایسی شقیں تجویز کی ہیں جو جیمینی کو انسانی نگرانی کے بغیر گھریلو نگرانی یا خودکار ہتھیاروں میں استعمال ہونے سے روکیں گی، مگر پینٹاگان نے تمام قانونی استعمال کی عمومی شقیں شامل کرنے پر زور دیا تاکہ عملی لچک برقرار رہے ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات عملی طور پر نافذ نہیں کیے جا سکتے ، کیونکہ پینٹاگان کی پالیسی باہر کی کمپنیوں کو اس کے مصنوعی ذہانت نظاموں پر کنٹرول لگانے سے روکتی ہے ۔ ایک دوسرے منتظم نے کہااگر قیادت واقعی نقصان کو روکنے کیلئے سنجیدہ ہے تو انہیں خفیہ کاموں کو فی الحال مکمل طور پر مسترد کر دینا چاہیے ۔گوگل کا پہلے ہی جین اے آئی ڈاٹ میل پروگرام کے ذریعے غیر خفیہ کاموں کیلئے پینٹاگان کے ساتھ معاہدہ ہے ، اور یہ نیا معاہدہ جیمینی کی صلاحیتوں کو خفیہ شعبوں تک بڑھا دے گا۔گوگل نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست پر جواب نہیں دیا۔