نیتن یاہو کا لبنان میں فوجی کارروائیاں تیز کرنیکا اعلان

نیتن یاہو کا لبنان میں فوجی کارروائیاں تیز کرنیکا اعلان

10دیہات خالی کرنے کا حکم، حزب اللہ کیخلاف کارروائی ناگزیر :اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں 3افراد شہید ، ایک اوراسرائیلی فوجی ہلاک ،2زخمی ہوگئے

تل ابیب،بیروت(اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان میں حزب اللہ کیخلاف فوجی کارروائیاں مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا اورکہا کہ اسرائیلی فوج کو حملوں میں شدت لانے کی ہدایت دیدی ہے ، حزب اللہ ڈرون حملوں سے اسرائیلی فورسز کو نشانہ بنا رہی ہے جن میں فائبر آپٹک ڈرون بھی شامل ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد اس خطرے سے نمٹ لیا جائے گا، بڑھاکرحزب اللہ کو کچل دیا جائے گا۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے 10 دیہات کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیدیا۔ اسرائیلی فوج کے عربی ترجمان کرنل اویخائے ادرعی کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر کارروائی ناگزیر ہوگئی ہے ۔ فوج نے شہریوں کو گھروں سے نکل کر ایک ہزار میٹر دور کھلے مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے کہا ہے کہ لبنان کیخلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کا وقت آ گیا ۔ اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے حزب اللہ کے ڈرون حملوں کے جواب میں بیروت میں عمارتوں کو نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہر دھماکا خیز ڈرون کے بدلے 10 عمارتیں گرائی جانی چاہئیں۔ اسرائیل اور حزب اللہ میں کشیدگی پرخطے میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے ،جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ،لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مختلف علاقوں میں حملوں میں 3 افراد شہید ہوئے ۔جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ایک اوراسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں