مقدمے کا تصفیہ ،کئی سوشل میڈیا کمپنیز کاامریکی سکول کو2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق

مقدمے کا تصفیہ ،کئی سوشل میڈیا  کمپنیز کاامریکی سکول کو2 کروڑ  70 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق

سان فرانسسکو(اے ایف پی)متعدد سوشل میڈیا کمپنیز نے طلبا میں ذہنی صحت کے بحران سے متعلق ایک مقدمے کے تصفیہ میں امریکی ریاست کینٹکی کے ایک سکول ڈسٹرکٹ کو تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے ،

عدالتی دستاویزات کے مطابق اس معاہدے میں فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کی  جانب سے 90 لاکھ ڈالر، اسنیپ چیٹ کی مالک کمپنی اسنیپ اور ٹک ٹاک کی مالک بائٹ ڈانس کی جانب سے 80، 80 لاکھ ڈالر شامل ہیں۔ گوگل تقریباً 20 لاکھ ڈالر نقد اور 9 لاکھ ڈالر مالیت کی ٹریننگ اور سافٹ ویئر لائسنس فراہم کرے گا۔یہ مقدمہ مشرقی کینٹکی کے دیہی علاقے بریتھٹ کاؤنٹی سکول ڈسٹرکٹ نے دائر کیا تھا، جسے ملک بھر میں دائر 1200 سے زائد اسی نوعیت کے مقدمات کے لیے ٹیسٹ کیس کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔سکول ڈسٹرکٹ نے 15 سالہ ذہنی صحت پروگرام اور طلبا پر سوشل میڈیا کے اثرات کم کرنے کے لیے 6 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم کا مطالبہ کیا تھا، جن میں نیند کے مسائل، جذباتی دباؤ اور تنازعات شامل ہیں۔مقدمہ اسی ماہ ٹرائل پر جانے والا تھا تاہم چاروں کمپنیز نے اس سے قبل ہی تصفیہ کر لیا۔ معاہدے میں کسی بھی کمپنی نے غلطی تسلیم نہیں کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں