امریکی صدارتی انتخابات2028 ٹرمپ نے وینس اورمارکو روبیو کو ناقابل شکست امیدوارقرار دیدیا
واشنگٹن(اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ اگر ان کے بعد ریپبلکن پارٹی کی قیادت کے دو مضبوط امیدوار ایک ہی انتخابی ٹکٹ پر اکٹھے میدان میں اتریں تو انہیں شکست دینا ناممکن ہوگا۔بدھ کو ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس اور۔۔۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو 2028 کے صدارتی انتخاب میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے مضبوط امیدوار سمجھے جاتے ہیں۔نیویارک پوسٹ کے پوڈکاسٹ "پوڈ فورس ون" میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں دونوں کو پسند کرتا ہوں۔ اگر وہ اکٹھے ہوں تو مجھے نہیں معلوم کہ کوئی انہیں کیسے شکست دے سکتا ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ اس کیلئے دونوں رہنماؤں کا متفق ہونا ضروری ہوگا، دونوں کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ اگر ایسا اتحاد بنتا ہے تو صدارتی امیدوار کون ہوگا اور نائب صدر کیلئے کس کا انتخاب کیا جائے گا۔ابھی تک نہ جے ڈی وینس اور نہ ہی مارکو روبیو نے 2028 کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کیا ہے ۔ 54 سالہ روبیو پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ وینس ان کے دوست ہیں ،اگر وینس امیدوار بنے تو وہ خود انتخاب نہیں لڑیں گے ۔حالیہ سرویز کے مطابق ریپبلکن ووٹرز میں جے ڈی وینس اور مارکو روبیو کی مقبولیت تقریباً برابر ہے ۔