’’لبنان کو حقیقی دشمن سے بچائیں‘‘ ایران کا لبنانی صدر کو جواب

’’لبنان کو حقیقی دشمن سے بچائیں‘‘   ایران کا لبنانی صدر کو جواب

تہران (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)ایران اور لبنان کے درمیان سفارتی کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان کے صدر جوزف عون کے ایران مخالف بیانات پر سخت ردعمل دیا۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دئیے گئے انٹرویو میں ایران اور تنظیم حزب اللہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ لبنان کو امریکا کے ساتھ مذاکرات میں سودے بازی کے آلہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے مفادات کی قیمت لبنانی عوام چکا رہے ہیں جبکہ ملک جنگ اور تنازع سے شدید متاثر ہو چکا ہے ۔ان بیانات کے جواب میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر لکھا کہ اگر لبنان واقعی ایران کے زیر اثر ہوتا جیسا کہ دعویٰ کیا جا رہا ہے تو ایران پہلے ہی امریکا کے ساتھ معاہدہ کر چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ صدر عون کے بیانات سے یوں ظاہر ہوتا ہے جیسے ایران نے لبنان کے پانچویں حصے پر قبضہ کر رکھا ہو، ایک چوتھائی آبادی کو بے گھر کیا ہو اور ملک پر روزانہ بمباری کی ہو۔ عراقچی نے کہا کہ لبنان کو اپنے حقیقی دشمن سے نجات دلائیں۔دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لبنانی صدر اپنے ساتھ کھڑے لوگوں کو چھوڑ کر ان کے ساتھ جا رہے ہیں جو ان کے خلاف ہیں۔ ان کے مطابق صدر عون اپنے حمایتیوں کو نظر انداز کر کے ایسے عناصر کے پیچھے چل رہے ہیں جو ان کے خلاف ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں