محسن نقوی کی ایرا نی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات

محسن نقوی کی ایرا نی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سپریم لیڈر کیلئے خط اورشہباز شریف کا پیغام حوالے کردیا عباس عراقچی کا فیلڈ مارشل کو ٹیلی فون ،مذاکرات اورخطے کی صورت حال پرگفتگو

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے ایک خصوصی خط اور وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام ایرانی قیادت کو پہنچادیا جبکہ عباس عراقچی نے گزشتہ رات فیلڈ مارشل کو ٹیلیفون کرکے تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے خصوصی خط ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے حوالے کر دیا۔ ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی سپریم لیڈر کیلئے خصوصی پیغام بھی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو پہنچایا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ یہ پیغام موجودہ علاقائی صورتحال سے متعلق ہے ،پاکستان نے ایران کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رکھے ہیں اور پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ سفارتی حل کیلئے ثالثی کردار ادا کر رہا ہے ۔

پاکستان اور ایران کے تعلقات برادرانہ ہیں اور ایک ملک کے مسئلے کو دوسرا اپنا مسئلہ سمجھتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے خطے کا بحران جلد حل ہو جائے گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں انہیں پاکستانی قیادت کا خط وصول کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے ۔ بعدازاں عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ایران امریکا مذاکرات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی اور ترک اور ہم منصبوں سے بھی فون پر گفتگو کی۔رابطوں کے دوران علاقائی صورتحال، سفارتی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں