روسی ڈرون حملہ،یوکرین کا چرنوبل کے قریب جوہری ذخیرے کو نشانہ بنانے کا الزام
کیف (رائٹرز)یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی افواج نے اتوار کے روز چرنوبل جوہری پاور پلانٹ کے قریب استعمال شدہ جوہری ایندھن کے ذخیرہ مرکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا،
تاہم اس حملے کے نتیجے میں تابکاری کی سطح میں کوئی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔صدر زیلنسکی نے اس حملے کو انتہائی گھناؤنا قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس نے حملے میں شاہد ڈرون استعمال کیا۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے مطابق حملے میں جوہری ایندھن وصول کرنے والی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، جو اس مقام کے بالکل قریب واقع ہے جہاں بڑی مقدار میں جوہری مواد محفوظ رکھا گیا ہے ۔یوکرین کے سرکاری جوہری ادارے انرگو اٹوم نے بتایا کہ حملے کے وقت متاثرہ عمارت میں استعمال شدہ جوہری ایندھن موجود نہیں تھا۔ حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔روس کی جانب سے اس مبینہ حملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔