اسرائیل کے پھر جنوبی لبنان میں فضائی حملے ،13افرادشہید
دیہات دیردبہ میں 9افراد نشانہ بنے ،4دیگر علاقوں میں شہید،کئی گاڑیاں تباہ
بیروت(رائٹرز)لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 13 افرادشہید ہو گئے جبکہ حزب اللہ نے بھی جنوبی اسرائیل میں نئی کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے ۔لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق 9 افراد دیہات دیر دبہ میں شہید ہوئے ، جو شہر صور سے تقریباً 8 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے ،4افراددوسرے علاقوں میں شہیدہوئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق جنوبی شہر صیدا میں اسرائیلی حملے کے بعد گاڑیاں جلتی ہوئی دیکھی گئیں۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریبا 3ہزار 700 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین، بچے اور طبی عملہ بھی شامل ہیں جبکہ تقریباً 12 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے ۔لبنانی فوج کے مطابق بدھ کے روز ایک فوجی اہلکار بھی زخموں کے باعث شہید ہو گیا جو 17 مارچ کو ہونے والے ایک سابقہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہوا تھا۔