امریکا و اتحادیوں کا ایران پر دیگر ممالک مخالفین، صحافیوں اور یہودی برادریوں کیخلاف سازشوں کا الزام
واشنگٹن(رائٹرز)امریکا، آسٹریلیا اور متعدد یورپی اتحادی ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مختلف ممالک میں ایرانی مخالفین، صحافیوں اور یہودی برادریوں کے خلاف مبینہ مہلک سازشوں اور خفیہ کارروائیوں میں ملوث ہے ۔۔۔
مشترکہ بیان میں ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر ایسی سرگرمیاں بند کرے ، جبکہ اتحادی ممالک نے اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے ایرانی حکومت کے مخالفین، صحافیوں اور یہودی برادریوں کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازشوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ان ممالک نے "مہلک سازشوں" اور دیگر سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، جن کا الزام اسلامی پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس تنظیم، قدس فورس اور وزارتِ انٹیلی جنس و سلامتی پر عائد کیا گیا ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے ممالک اور اپنے شہریوں کو ان خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم میں متحد ہیں۔ ایران کو فوری طور پر یہ سرگرمیاں بند کرنی چاہئیں۔بیان میں یورپ بھر میں حالیہ حملوں کے سلسلے کی بھی مذمت کی گئی، جن کی ذمہ داری ایران نواز گروہ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔