مذاکرات موخر،سٹاک مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ، تیل مہنگا
ہانگ کانگ(اے ایف پی)عالمی سٹاک مارکیٹس میں جمعہ کے روز ملا جلا رجحان دیکھا گیا جبکہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا کیونکہ سوئٹزرلینڈ نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔۔۔
جس سے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری عالمی ریلی کو دھچکا لگا۔گزشتہ ہفتے امریکا اور ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ تین ماہ پر مشتمل جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر متفق ہو گئے ہیں، جس کے بعد عالمی معیشتوں میں توانائی بحران اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی امید پیدا ہوئی تھی تاہم گزشتہ روز مذاکرات موخر ہونے پر مارکیٹس میں ابتدائی تیزی کے بعد منافع کے حصول کے باعث کئی حصص بازار نیچے آ گئے ۔سیول، جو اس ہفتے کئی ریکارڈ توڑ چکا تھا، جمعہ کو مضبوط آغاز کے باوجود منفی زون میں بند ہوا۔ ٹوکیو، سنگاپور، سڈنی، ممبئی، بنکاک اور جکارتہ کی مارکیٹس میں بھی کمی دیکھی گئی، جبکہ لندن میں معمولی کمی اور پیرس و فرینکفرٹ میں اضافہ ہوا۔تیل کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد ہفتہ وار کمی کے بعد جمعہ کو دوبارہ اضافہ دیکھا گیا، امریکی خام تیل میں 1.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق اگرچہ معاہدے نے جغرافیائی سیاسی دباؤ کم کیا ہے ، لیکن صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں۔جاپانی ین میں بھی بہتری دیکھی گئی تاہم یہ اب بھی ڈالر کے مقابلے میں انتہائی کمزور سطح پر موجود ہے ۔