چین نے طاقتور ترین سپر کمپیوٹر بنا لیا، امریکی بالا دستی ختم
دنیا کے ٹاپ 500 سپر کمپیوٹرز کی رینکنگ میں چینی ’’لائن شائن‘‘نمبرون جادوئی مشین 2.2 ایگزا فلاپس کی رفتار کو چھو سکتی،مکمل طور پر چین میں تیار
واشنگٹن (اے ایف پی)ٹیکنالوجی کی دنیا میں چین نے ایک بار پھر امریکا کو پچھاڑ دیا۔ چینی ساختہ سپر کمپیوٹر نے دنیا کے طاقتور ترین سپر کمپیوٹر کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ، جس سے اس میدان میں گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے جاری امریکی بالادستی کا خاتمہ ہو گیا ہے ، یہ پیش رفت بیجنگ کی اس حکمتِ عملی کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے جس کے تحت وہ مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید ترین کمپیوٹنگ پاور حاصل کرنا چاہتا ہے ،جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں منعقدہ بڑی کمپیوٹنگ کانفرنس آئی ایس سی کے موقع پر جاری کی جانے والی دنیا کے TOP500 سپر کمپیوٹرز کی رینکنگ میں چینی نظام \'لائن شائن\' (LineShine) نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ لائن شائن نے امریکی محکمہ توانائی کے سپر کمپیوٹر \'ایل کیپیٹن\' (El Capitan) کو شکست دے کر دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے ۔چین کے جنوبی شہر شینزین میں نصب یہ جادوئی مشین 2.2 ایگزا فلاپس (exaflops) کی پائیدار رفتار کو چھو سکتی ہے ، جو کہ فی سیکنڈ کمپیوٹر کے حساب کتاب کرنے کی رفتار کا ایک پیمانہ ہے ،اس سپر کمپیوٹر کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ \'لائن شائن\' کو مکمل طور پر چین کے اپنے ڈیزائن کردہ پروسیسرز سے تیار کیا گیا ہے ۔ اس میں ان امریکی چپس کا استعمال نہیں کیا گیا جو عام طور پر دنیا کے تمام بڑے سسٹمز کو چلانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں، یہ امریکی پابندیوں کے جواب میں چین کی خود انحصاری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔