دبئی کے جعلی شہزادے کے نام پر اے آئی فراڈ،فلپائنی خاتون جمع پونجی سے محروم

دبئی کے جعلی شہزادے کے نام پر اے آئی  فراڈ،فلپائنی خاتون جمع پونجی سے محروم

واشنگٹن (اے ایف پی)مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے تیار کردہ ڈیپ فیک ویڈیوز کے ذریعے آن لائن محبت کا جھانسہ دینے کی واردات میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون خود کو دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد (فزاع)ظاہر کرنے والے جعلساز کے دھوکے میں آ کر اپنی ایک سال کی جمع پونجی سے محروم ہوگئی ۔

خاتون نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست  کی اور اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی مبینہ شہزادے سے ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ پر ملاقات ہوئی، جعلساز مسلسل محبت بھرے پیغامات اور ویڈیو کالز کرتا رہا، جس سے انہیں یقین ہو گیا کہ وہ واقعی دبئی کے شہزادے سے بات کر رہی ہیں۔ جعلساز نے خاتون کو شادی کا سرٹیفکیٹ اور مبینہ رائل ممبرشپ کارڈ دلوانے کے بہانے ایک لاکھ فلپائنی پیسو (تقریباً 1,625 ڈالر)وصول کئے اور دعویٰ کیا کہ اس سے انہیں دبئی میں ملازمت بھی مل جائے گی۔خاتون کو اس وقت شک ہوا جب جعلساز نے ملاقات کے لیے ہوٹل کی بکنگ کے نام پر مزید 60 ہزار پیسو (974 ڈالر) کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس کے فیس بک اکاؤنٹ کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ وہ نائیجیریا سے چلایا جا رہا تھا، جس پر انہوں نے رابطہ منقطع کرتے ہوئے آخری پیغام بھیجا ’’جہنم میں جاؤ، دھوکے باز‘‘۔تحقیق کے مطابق یہ فراڈ جعلی دبئی شہزادہ سکیم کا حصہ ہے ، جس میں دھوکے باز شیخ حمدان بن محمد کی مقبولیت، سوشل میڈیا پر موجود تصاویر، شاعری اور ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد انسٹاگرام فالوورز کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں