بھارت 5ارب 46کروڑ ڈالر کا جدیدجنگی سامان خریدیگا

 بھارت 5ارب 46کروڑ ڈالر  کا جدیدجنگی سامان خریدیگا

نئی دہلی (اے ایف پی)بھارت نے اپنی مسلح افواج کیلئے 5ارب 46کروڑ ڈالر مالیت کے جدید جنگی سازوسامان کی خریداری کی اصولی منظوری دے دی ، جس میں میزائل، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز، اینٹی ڈرون نظام اور کامی کازی ڈرونز شامل ہیں۔

حکومتی بیان کے  مطابق یہ منظوری وزیر دفاع کی سربراہی میں قائم دفاعی حصول کونسل (ڈی اے سی)نے دی، جس میں اعلیٰ فوجی حکام بھی شامل ہیں۔ معاہدے کی مجموعی مالیت تقریباً 520 ارب بھارتی روپے (5.46 ارب ڈالر)بتائی گئی ہے ۔ بھارتی فوج کیلئے اینٹی ڈرون اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز، درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل، پورٹیبل اینٹی ٹینک میزائل اور جیٹ بیسڈ کامی کازی ڈرون سسٹم بھی خریدا جائے گا۔اس کے علاوہ دفاعی حصول کونسل نے بحریہ کے لیے جدید بحری بارودی سرنگوں (نیول مائنز)، بحری جہازوں سے چلنے والے ڈرونز اور سمندری دفاع و نگرانی کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک جدید آزمائشی مرکز کے قیام کی بھی منظوری دی ۔ فضائیہ کے لیے بلند پرواز بغیر پائلٹ فضائی پلیٹ فارم (ڈرون) بھی خریدا جائے گا، جو انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے اور ریموٹ سینسنگ کے لیے استعمال ہوگا۔بھارت کا موجودہ دفاعی بجٹ 85 ارب ڈالر ہے ۔ گزشتہ سال پاکستان کے ساتھ چار روزہ فوجی کشیدگی کے بعد نئی دہلی نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔گزشتہ دسمبر میں بھارت نے کم از کم 75 جنگی جہازوں اور آبدوزوں کی خریداری کا عمل شروع کیا تھا، جن میں زیادہ تر مقامی طور پر تیار کی جا رہی ہیں جبکہ رواں سال کے آغاز میں 39 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سازوسامان بشمول رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں