کندھکوٹ:گاڑی گزرنے سے نہر کاپل ٹوٹ گیا، 2جاں بحق

کندھکوٹ:گاڑی گزرنے سے  نہر کاپل ٹوٹ گیا، 2جاں بحق

کندھکوٹ، کشمور (نامہ نگاران)کشمور ایٹ کندھ کوٹ کے قریب رسالدار نہر کا بوسیدہ پل ٹوٹنے سے گاڑی نہر میں جا گری، جس سے 2 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ، جبکہ 2 کوبچا لیا گیا۔

 مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے بروقت امدادی کارروائیاں نہیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق کندھ کوٹ کے قریب تھانہ رسالدار کی حدود نواحی گاؤں پیارو خان گولو سے ڈاٹسن مسافروں کو اٹھا کر رسالدار کی طرف جا رہی تھی کہ زبوں حال شاہی نہر پل سے گزرنے کے دوران پل ٹوٹ گیا، اور ڈاٹسن نہر میں گر گئی، ڈاٹسن ڈرائیور حفیظ گولو معجزانہ طور پر بچ گیا، جبکہ ڈاٹسن میں سوار چار افراد ڈوب گئے ، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو بچا لیا جبکہ 2 افراد جن میں 10 سالہ لالو اور 20 سالہ نوجوان مجیب گولو پانی کے تیز بھاؤ میں بہہ گئے ، جن کی تلاش کیلئے مقامی افراد پانی میں اتر پڑے ، ڈاٹسن کو بھی مقامی افراد نے پانی سے نکال لیا، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ڈوبنے والے افراد کا کوئی سراغِ نہ مل سکا۔ انتظامیہ بھی مدد کیلئے بروقت نہ پہنچی، واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر انتظامیہ پر کڑی تنقید کی گئی جس کے بعد انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر معلومات لیں، آخری اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والے دونوں افراد کی لاشیں نہیں مل سکی تھیں ۔ حادثے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹھیکیداروں کو فوری گرفتار اور شاملِ تفتیش کر کے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں آئیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں