دورہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان بابر کپتان
سعود شکیل فٹنس سے مشروط طور پر انگلینڈ کیخلاف سکواڈ میں شامل ، علی عثمان، محمد اویس ظفر، عبید شاہ،غازی غوری پہلی بار شامل ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے 16 رکنی جبکہ انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کیلئے 17 رکنی سکواڈ کا انتخاب
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دورے کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے ۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق کے ہمراہ سکواڈز کا اعلان کیا، بابر اعظم کو دونوں ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی جبکہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کو فٹنس سے مشروط طور پر انگلینڈ کے دورے کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ، تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف16 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، عبداﷲ فضل، علی عثمان، اذان اویس، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، ساجد خان، سلمان علی آغا، شان مسعود اور عبید شاہ شامل ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف17 رکنی سکواڈ میں ویسٹ انڈیز سیریز کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ سعود شکیل کو بھی فٹنس کلیئرنس سے مشروط طور پر شامل کیا گیا ہے ۔
سلیکشن کمیٹی نے چار نئے کھلاڑیوں کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں موقع دیا ہے ، جن میں سپنر علی عثمان، محمد اویس ظفر، عبید شاہ اور وکٹ کیپر بیٹر محمد غازی غوری شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز سے کرے گی، جہاں پہلا ٹیسٹ25 سے 29 جولائی تک ، ٹرابا میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف سپین میں ہوگا۔ اس کے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کا رخ کرے گی، جہاں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ19 سے 23 اگست تک لیڈز، دوسرا 27 سے 31 اگست تک لارڈز اور تیسرا 9 سے 13 ستمبر تک برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔