علی خامنہ ای کی آج مشہد میں تدفین ، حضرت علی ؓ کے روضہ پر نماز جنازہ ادا
شہدا کی میتیں حضر ت امام حسین ؓ کے روضہ پر بھی لے جا ئی گئیں ،تعزیتی جلوس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، تدفین مشہد میں روضہ امام رضاکے احاطہ میں ہوگی
نجف (دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)ایران کے شہید رہبرِ اعلیٰ سید آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہوئے اہل خانہ کی نمازِ جنازہ عراق کے شہر نجف میں حضرت علی ؓ کے روضے پر ادا کر دی گئی ، بعد ازاں جلوس کی صورت میں جسد خاکی کربلا منتقل کیا گیا جہاں روضئہ حضرت امام حسینؓ پر بھی نماز جنازہ ادا کی گئی اور رات بھر سوگ کی مختلف تقریبات جاری رہیں۔ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسد خاکی آج ایران واپس لایا جائے گا اور مشہد میں تدفین کی جائیگی۔ نماز جنازہ کے بعد شہدا کی میتیں کربلا میں روضہ امام حسین ؓ پر بھی لے جا ئی گئیں ،تعزیتی جلوس میں عوام کا سمندر اُمڈ آیا، لاکھوں افراد شریک ہوئے اور مختلف مقامات پر شہید ایرانی سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا،تعزیتی جلوس میں سرخ جھنڈے اٹھائے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل سے انتقام کے نعرے لگائے ، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ، منگل کو علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی میتیں عراق منتقل کی گئی تھیں،شہداء کی تدفین آج ان کے آبائی شہر مشہد میں روضہ امام رضا کے احاطے میں کی جائے گی، جنازے کی تقریبات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے ۔