دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کی ضرورت ہے :محسن نقوی

 دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے  کی ضرورت ہے :محسن نقوی

نیویارک(نیوزایجنسیاں )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں چین کے وزیر مملکت داخلہ و لنگ ژی فنگ، روسی وزیر داخلہ ولادیمیر الیگزینڈر ووچ کولوکولٹسیف اورسری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔۔۔

 اورداخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے ،دہشتگردی اور سائبر کرائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور انسدادِ منشیات تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔چین کے وزیر مملکت داخلہ سے ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون اور سٹریٹجک پارنٹر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔پاک چین وزراء نے داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،محسن نقوی نے کہاکہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنے کی ضرورت ہے ،دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا، روسی وزیر داخلہ سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس تعلقات کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی اور سائبر کرائم جیسے جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے اپنے روسی ہم منصب کو بتایا کہ اس وقت افغانستان میں 25 سے زائد دہشت گرد تنظیمیں سرگرم عمل ہیں جو عالمی اور علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ ان انتہا پسند تنظیموں کا مکمل خاتمہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ محسن نقوی کی سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات میں انسداد منشیات کے حوالے سے موثر کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا ۔دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں 25 کے قریب فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی ستائش کی اور جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 11 بہادر جوانوں کو گہرے دکھ اور عقیدت کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز کے یہ شہدا پوری قوم کا فخر ہیں اور قوم ان کی لازوال قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں