فرانس، سپین میں جنگلاتی آگ نے تباہی مچا دی ،فوج طلب
پیرس،میڈرڈ(اے ایف پی)فرانس اور سپین میں بے قابو جنگلاتی آگ نے شدید تباہی مچا دی، مجموعی طور پر2لاکھ67ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ فرانس کے شہر بوردو سے 1 لاکھ 97 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا۔۔۔
جسے امن کے دور کی سب سے بڑی نقل مکانی قرار دیا جا رہا ہے ۔فرانسیسی حکومت نے فوج طلب کر لی ، جنوب مغربی علاقوں میں آگ پر قابو پانے کیلئے فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ آپریشن میں شامل کر لیا۔ اے 400 ایم طیارے نے ہفتے کو لاکانو کے جنگلات میں پہلی بار آگ بجھانے کا مشن انجام دیا ۔ حکام کے مطابق خطرہ بدستور برقرار ہے ،تیز ہواؤں کے باعث صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے ۔ادھر جنگلاتی آگ کے باعث سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے مغرب میں 70 ہزار افراد گھربار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ،دھویں کے باعث وسطی میڈرڈ میں فضائی آلودگی بڑھ گئی،شہریوں کو گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سپین نے قومی سطح پر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
25 ہزار افراد کو متاثرہ علاقوں سے نکلنے کا حکم بھی دیا گیا ۔آتشزدگی سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ،حکام کے مطابق آگ دارالحکومت میڈرڈ سے 50 کلومیٹر دور واقع شہری علاقوں روبلیڈو اور فریسنیدکی جانب بڑھ رہی ہے ۔ میڈرڈ کے علاقے میں اب تک 6 ہزار ہیکٹر رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے ، صوبہ ایویلا میں آگ سے 25 ہزار ہیکٹر رقبہ تباہ ہو گیا ہے ۔ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے کی تاریخ کی بدترین آگ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments