مشرق وسطیٰ کے ممالک اپنی تقدیر کے خود مالک بنیں: چینی صدر
خطے میں بیرونی مداخلت کی مخالفت کریں،آبنائے ہرمز میں تجارتی راستوں کے تحفظ کیلئے تیار ہیں:شی جن پنگ چینی صدر کی قاہرہ میں مصری ہم منصب سے ملاقات،سکیورٹی، ٹیکنالوجی ، تجارت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
قاہرہ (رائٹرز )چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے دورہ مصر کے دوران مشرق وسطیٰ کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بیرونی مداخلت کی مخالفت کریں اور خطے کے نئے سکیورٹی آرڈر اور فریم ورک پر غور کریں۔ چینی صدر کا چار سال میں مشرق وسطیٰ کا یہ پہلا دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بیجنگ خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے شاندار فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کے بعد، چینی صدر نے کہا کہ خطے کے ممالک کو "اپنی تقدیر کا مالک خود" بننا چاہیے اور ایک نیا سکیورٹی فریم ورک قائم کرنا چاہیے ۔ شی جن پنگ نے آبنائے ہرمز اور باب المندب میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے پیش نظر، خطے میں بحری جہاز رانی کے راستوں کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، ڈیٹا سنٹرز، سیمی کنڈکٹرز اور اہم معدنیات کی سپلائی چین میں تعاون بڑھانے کے علاوہ باہمی تجارت کے لیے اپنی قومی کرنسیوں کے استعمال کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مصر عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں "سٹریٹجک توازن" قائم رکھنا چاہتا ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔مصر کی نہر سویز اقتصادی زون میں چین پہلے ہی تقریباً 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے ۔ اس دورے کے دوران چین کے تیار کردہ صنعتی علاقے کو وسعت دینے اور 50کروڑ ڈالر کی لاگت سے ٹائر بنانے کے کمپلیکس پر ابتدائی معاہدہ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments