عالمی بحران کے خدشات : ہالینڈ کا 86 ٹن سونا امریکا کینیڈا سے لندن منتقل

عالمی بحران کے خدشات : ہالینڈ کا 86 ٹن سونا امریکا کینیڈا سے لندن منتقل

سونا بینک آف انگلینڈ میں محفوظ، جہاں بحران میں سونے کی آسانی سے خرید و فروخت ممکن ہے :ڈی این بی نیویارک ، اوٹاوا سے 27 ٹن سونا زائسٹ منتقل کر کے پھر لندن پہنچایا ، باقی 59 ٹن سونا لندن میں خریداگیا

دی ہیگ (اے ایف پی)ہالینڈ کے مرکزی بینک نے اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا امریکا اور کینیڈا سے لندن منتقل کردیا ہے ۔ بینک کے مطابق یہ فیصلہ دنیا میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی بے چینی کے پیش نظر کیا گیا۔اب یہ سونا بینک آف انگلینڈ  کے پاس محفوظ ہے ، جہاں کسی بحران کی صورت میں اسے زیادہ آسانی سے خریدا اور فروخت کیا جاسکتا ہے ۔ ہالینڈ کے مرکزی بینک (ڈی این بی )نے بتایا کہ مارچ سے اگست کے دوران نیویارک اور اوٹاوا سے 27 ٹن سونے کی سلاخیں ہالینڈ کے شہر زائسٹ منتقل کی گئیں۔ بعد ازاں اسی مقدار اور معیار کا سونا زائسٹ سے لندن پہنچایا گیا، جس کے لیے سونے کی سلاخوں کو پگھلانے کی ضرورت نہیں پڑی۔باقی مقدار 59 ٹن کی منتقلی نیویارک میں سونا فروخت کرکے اور لندن میں دوبارہ خرید کر کی گئی۔ ڈی این بی کے مطابق دونوں طریقوں کو اختیار کرنے سے بڑی مقدار میں سونا منتقل کرنے سے وابستہ خطرات کم کرنے میں مدد ملی۔بینک نے یہ نہیں بتایا کہ اتنی بڑی مقدار میں سونا بحر اوقیانوس کے پار کس طریقے سے منتقل کیا گیا۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مصنوعات پر مزید محصولات عائد کیے ہیں۔ علاوہ ازیں امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ نے عالمی تجارت کو متاثر کیا ہے اور امریکی معیشت کو غیر یقینی صورت حال کا سامنا ہے ۔2025 کے اختتام پر ہالینڈ کے مجموعی سونے کے ذخائر 612اعشاریہ4ٹن تھے ، جن کی مالیت 72اعشاریہ2 ارب یورو تھی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...