ایران کا امریکا کیخلاف جنگ میں نئی حکمت عملی اپنانے کا اعلان

ایران کا امریکا کیخلاف جنگ میں نئی حکمت عملی اپنانے کا اعلان

آئندہ کی جنگی، سفارتی و معاشی حکمت عملی امریکا کی بنیادیں ہلا دے گی، شادی کی تقریب پر حملہ جنگی جرم: ایران ایرانی فورسز کا امریکی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ، آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر پر حملہ، 2 فلپائنی ملاح ہلاک

تہران، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں) ایران نے امریکا کے ساتھ جاری جنگ میں نئی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کی آئندہ جنگی، سفارتی اور معاشی حکمت عملی امریکا کی بنیادیں ہلا دے گی۔ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران میدان جنگ، سفارت کاری اور معاشی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی حکمت عملی متعارف کرائے گا، جو امریکا کیلئے انتہائی سخت ثابت ہوگی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنوبی ایران کے شہر سیریک میں شادی کی تقریب پر امریکی فضائی حملے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنی ناکامی چھپانے کیلئے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ ایرانی حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں تازہ امریکی حملوں کے نتیجے میں 19 افراد شہید اور 68 زخمی ہوئے ۔ پاسداران انقلاب کے مطابق جزیرہ لاوان پر امریکی حملے میں بسیج فورس کے 3 اہلکار جبکہ کرمانشاہ میں فضائیہ کے 4 اہلکار مارے گئے ۔ ایرانی اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی کارروائیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکا کو شیطان قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مناب سکول، لامرڈ سپورٹس ہال اور کوہستک میں شادی کی تقریب کو نشانہ بنایا گیا، جہاں بچوں سمیت عام شہری شہید ہوئے ۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج شہریوں کو ہدف نہیں بناتی۔ ایرانی فورسز نے متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، اردن اور عراق کے کرد علاقے میں امریکی فوجی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا۔ ایرانی فوج کے مطابق الظفرہ اور المنہاد ایئربیسز پر امریکی ریڈار نظام اور فوجی پوزیشنز کو ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئربیس پر بھی امریکی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔ عراق کے کرد علاقے اربیل میں انسداد دہشت گردی فورسز کے مطابق دھماکا خیز مواد سے لدے 10 ڈرونز مار گرائے گئے ۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت کے علی السالم ایئربیس پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بیان کے مطابق ایئربیس کے کمانڈر کے ہیڈکوارٹر اور رہائش گاہ کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ پاسداران انقلاب نے امریکی ڈرون ہینگرز اور ڈپلائمنٹ ریمپس میں آگ لگنے اور کئی ڈرونز تباہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔ ایران کے مطابق یہ کارروائی سیریک میں شادی کی تقریب پر امریکی حملے کا جواب تھی۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر ’’سدر‘‘ پر حملے کے نتیجے میں 2 فلپائنی ملاح ہلاک ہوگئے ۔ سعودی قومی شپنگ کمپنی بحری کے مطابق جہاز پیر کی شب آبنائے ہرمز میں حملے کا نشانہ بنا۔ ایک میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کے مطابق نامعلوم نوعیت کے پروجیکٹائل نے 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 2 آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے ۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی ایسے معاہدے کی پروا نہیں جسے وہ بے معنی سمجھتے ہوں۔ ٹروتھ سوشل پر بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کو مذاکرات پر ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صرف ایک ناگزیر انجام کو ٹالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سوال کیا کہ آخر ایرانی عوام کب اٹھ کھڑے ہوں گے اور لڑیں گے ؟ ۔امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کیلئے فضائی کمپنیوں، جہاز رانی کی صنعت اور ڈیجیٹل اثاثوں کو ممکنہ اگلے اہداف قرار دیا ہے ۔ فوکس نیوز سے گفتگو میں انہوں نے ایران سے کاروباری تعلقات رکھنے والے افراد اور اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاسداران انقلاب کے ساتھ تجارت کرنے والوں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ ان کے مطابق امریکا ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب کے اثاثوں کا سراغ لگا رہا ہے اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ سکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام کو برٹش ورجن آئی لینڈز میں پاسداران انقلاب سے منسلک ٹرسٹ کمپنیوں اور دنیا بھر میں موجود قیمتی اثاثوں سے متعلق معلومات حاصل ہیں، جنہیں منجمد کرنے کا ارادہ ہے ۔ امریکی طیارہ بردار جہاز ’’یو ایس ایس ابراہم لنکن‘‘تقریباً 9 ماہ بعد تھائی لینڈ پہنچ گیا، جہاں تقریباً 5 ہزار امریکی ملاح اور میرینز موجود ہیں۔ جہاز پانچ روزہ قیام کیلئے بنکاک کے قریب لیم چابانگ بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا ہے ۔ پٹایا میں امریکی اہلکاروں کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی ایران کی جانب سے کسی حملے کی صورت میں بھرپور جوابی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیارے فوری کارروائی کیلئے تیار ہیں اور اسرائیل کسی دوسرے ملک پر انحصار کیے بغیر ایران کو جواب دے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...