ملائیشین وزیراعظم کا پاکستان پر دہشتگردی کا الزام ماننے سے انکار
ہمارے اداروں نے کبھی پاکستان کے بارے ایسی رپورٹ نہیں دی:انور ابراہیم
دہلی (نیوزایجنسیاں ، دنیا نیوز)بھارتی صحافی کا وار خالی گیا، ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام ماننے سے صاف انکار کر دیا۔برکس کیلئے بھارت میں موجود ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے بھارتی این ڈی ٹی وی کوایک انٹرویو کے دوران میزبان نے پہلگام واقعے کا حوالہ دے کر پاکستان پر ریاستی دہشت گردی کا الزام لگوانا چاہا تو انور ابراہیم نے ایسا کرنے سے صاف اور دوٹوک انکارکرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم ان حقائق پر بات کر سکتے ہیں، جو ریاستی اداروں نے دیئے ، ملائیشیا کے انٹیلی جنس اداروں نے کبھی ایسی کوئی رپورٹ نہیں دی، جس میں ثابت ہو کہ پاکستان بھارت میں کسی ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے ۔ میزبان نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم سے پوچھا کہ کیا آپ حماس کے خلاف اسرائیل کی کارروائی کو دہشت گردی سمجھتے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہاکہ جی ہاں یہ ریاستی دہشت گردی ہے ۔اس پران سے پوچھاگیا کہ اگر ایسا ہے تو پھر کیا پاکستان نے جو کچھ گز شتہ برس پہلگام کشمیر میں کیا اور انڈیا کے خلاف وہ جو کچھ کر رہا ہے ،
کیا آپ اسے بھی ریاستی دہشت گردی کہیں گے ؟’اس پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ‘جی نہیں، میں اس حد تک نہیں جاؤں گا۔ میں جانتا ہوں کہ یہ انڈیا میں بہت حساس موضوع ہے ۔ میری مودی جی سے قریبی دوستی ہے اور ہمارے پاکستان کے ساتھ بھی روابط ہیں اور میرا خیال ہے کہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ دہشت گردی نہیں ہوئی، لیکن میری انٹیلی جنس اسٹیبلشمنٹ نے مجھے یہ نہیں بتایا کہ انڈیا کے خلاف ریاستی دہشت گردی ہوئی۔ لہذا میں بطور ملائیشین وزیرِ اعظم یہی حقائق سامنے رکھوں گا ، ملائیشین وزیرِ اعظم سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ان کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ملزموں کے تبادلے پر کوئی بات ہوئی؟ اس پرانہوں نے کہاکہ نجی میٹنگز پر اس پر بات ہوئی، لیکن ہم اس معاملے پر نجی سطح پر ہی بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments