امریکی دباؤ ، ایرانی جوہری سربراہ کو ویانا کانفرنس میں شرکت سے روکدیا گیا
ویانا(اے ایف پی)ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی کو امریکی دباؤ پرویانا میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔
امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے تصدیق کرتے کہا کہ واشنگٹن نے آسٹریا میں داخلے کیلئے اسلامی کی پابندیوں سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرانے کیلئے دباؤ ڈالا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق اسلامی اور وفد ہفتے کو معمول کی پرواز سے ویانا روانہ ہوئے تھے ، تاہم امریکی رکاوٹ پرانہیں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔ آسٹریا کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس نے اسلامی کیلئے استثنیٰ کی درخواست کی تھی مگر سلامتی کونسل میں اتفاق رائے نہ ہونے پراسے مسترد کردیا گیا۔ ایرانی جوہری ادارے کے سینئر عہدیدار بہروز کمالوندی نے امریکی اقدام کو سیاسی دباؤ قرار دیا۔ تہران نے احتجاجاً آسٹریا کے ناظم الامور کو بھی طلب کرلیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے فیصلے کو بلاجواز قرار دیتے کہا کہ واقعہ امریکی دباؤ کا نتیجہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments