سعودی سپلائی معطل ، یورپ میں خام تیل 130ڈالر فی بیرل سے اوپر
دیگر ذرائع سے فوری دستیاب تیل کی خریداری پر یورپ میں خام تیل مہنگا ہوا سپلائی میں رکاوٹ کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے ،عالمی منڈی میں خدشہ
لندن(رائٹرز ) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور سعودی عرب میں تیل کی ترسیل کے اہم راستے میں رکاوٹ کے باعث یورپ میں فوری ترسیل کے لیے دستیاب بعض خام تیل کی قیمتیں 130 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔ یہ قیمتیں اپریل میں بننے والی ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ مشرقی اور مغربی ساحل کو ملانے والی اہم ایسٹ-ویسٹ پائپ لائن پر حالیہ حملے کے بعد سعودی عرب نے ستمبر کے آخر میں یورپ کے لیے یَنبُع بندرگاہ سے تیل کی کچھ ترسیلات منسوخ کردی ہیں۔ اس صورتحال میں یورپی خریداروں نے شمالی سمندر اور دیگر ذرائع سے فوری طور پر دستیاب تیل کی طرف رخ کیا، جس سے خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ گئیں۔ صورتحال مزید خراب اس وقت ہوئی جب لیبیا نے بھی تین آئل فیلڈز میں کام روک دیا۔ اس سے عالمی منڈی میں یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی سپلائی میں رکاوٹ عارضی کے بجائے کئی ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments