یمنی حوثیوں کے سعودی عرب پر حملے ، 13 شہری زخمی

یمنی حوثیوں کے سعودی عرب  پر حملے ، 13 شہری زخمی

ریاض، قاہرہ، صنعا (اے ایف پی) یمنی حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں میں جنوبی سعودی عرب کے 13 شہری زخمی ہوگئے۔۔۔

 ، 7 مکانات اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق خمیس مشیط، ابہا اور طائف میں شہری تنصیبات کو متعدد میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا حوثیوں کے حملوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور تمام ضروری دفاعی اقدامات کئے جائیں گے ۔یمنی حوثیوں نے خمیس مشیط میں کنگ خالد ایئربیس پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ طیاروں کے ہینگرز، ریڈارز، رن ویز اور گولہ بارود کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی عہدیدار کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے یمن میں حملے کئے ، جن میں دو بچوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے ۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کے مطابق یمن میں ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں سمندری راستے سے جبوتی فرار ہوئے ہیں۔دریں اثنا قاہرہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں بحیرہ احمر میں آزاد اور محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ مصری ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آبنائے ہرمز اور باب المندب سے گزرنے والی بحری جہازرانی کی آزادی اور سلامتی کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ السیسی نے سعودی عرب کے تحفظ اور استحکام کیلئے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ادھر عمان نے آبنائے ہرمز میں حملے کا نشانہ بننے والے پاناما کے پرچم بردار آئل ٹینکر ‘‘ایل گایا’’ کے 2 لاپتا اہلکاروں کی تلاش شروع کردی۔ عمانی بحریہ نے جہاز پر سوار 23 اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ انجن روم میں لگی آگ بجھا دی گئی۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک اور امریکی ایم کیو 1 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔قطر نے باب المندب کی ممکنہ بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے کی بندش پوری دنیا کیلئے تباہ کن ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی آج چین کا دورہ کریں گے ، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اب ممکن نہیں رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...