حوثیوں کو خطے میں کشیدگی پھیلانے سے روکا جائے:چین کا ایران کو پیغام
طائف پرڈرون کا ملبہ گرنے سے 1یمنی ہلاک،پاکستانی سمیت 2زخمی ،چین کیساتھ مذاکرات کامیاب:عراقچی، فیلڈ مارشل سے رابطہ امریکا میں ایران، روس کیخلاف پابندیوں کے بل، سعودیہ کو ایف 35طیارے بیچنے کی منظوری، تہران کا امریکی ڈرون گرانے کا دعویٰ
دبئی (نیوز ایجنسیاں )چین نے ایران سے نجی طور پر کہا ہے کہ وہ یمن کے حوثی جنگجوؤں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے انہیں خطے میں مزید کشیدگی پھیلانے سے روکے تین ایرانی ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حوثیوں کی تیز فوجی پیش قدمی کے بعد بیجنگ سے مدد طلب کی تھی۔ذرائع کے مطابق حوثیوں نے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں اور آبنائے باب المندب کے اطراف میں تیزی سے پیش قدمی کی، جس سے سعودی عرب کی تیل برآمدات اور سمندری جہاز رانی کو مزید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔چین نے کھلے عام تو مذاکرات اور بحیرۂ احمر میں محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی پر زور دیا ہے ، تاہم ایرانی ذرائع کے مطابق بیجنگ کا نجی پیغام اس کے عوامی بیانات سے آگے تھا۔ چین چاہتا ہے کہ ایران حوثیوں پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اس بات میں مدد دے کہ توانائی کی ان اہم گزرگاہوں تک تنازع مزید نہ پھیلے جن پر دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین کا انحصار ہے ۔ذرائع کے مطابق تہران نے جواب دیا کہ خطے میں استحکام اور امن کا انحصار ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگ کے خاتمے پر ہے ۔
تینوں ایرانی ذرائع نے بتایا کہ چینی حکام نے کوئی واضح دھمکی نہیں دی اور نہ ہی یہ اشارہ دیا کہ اگر ایران نے حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال نہ کیا تو بیجنگ تہران پر اقتصادی دباؤ ڈالے گا۔رائٹرز کی جانب سے اس خبر پر تبصرے کی درخواست کے جواب میں چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نہیں چاہتا کہ خطے میں کشیدگی مزید یمن اور بحیرۂ احمر تک پھیلے کیونکہ علاقائی عدم استحکام میں اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے اور عوام کی روزمرہ ضروریات کے لیے اہم تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے ۔ چین نے ایسے اقدامات روکنے پر زور دیا جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائیں اور مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔چین ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے ۔ اجناس کے اعداد و شمار اور تجزیاتی ادارے کیپلر کے مطابق 2025 میں ایران کی سمندری راستے سے ہونے والی تیل برآمدات کا 80 فیصد سے زیادہ چین نے خریدا، جو اوسطاً تقریباً 14 لاکھ بیرل یومیہ بنتا ہے ۔خطے میں ایک اعلیٰ مغربی سفارت کار نے کہا کہ بیجنگ ان چند عالمی دارالحکومتوں میں شامل ہے جو اب بھی ایران پر حوثیوں کو قابو میں رکھنے کے لیے دباؤ ڈال سکتے ہیں۔
ایک ایرانی ذریعے نے کہا کہ ایران اور اس کے اتحادی اب خطے کے اہم بحری نیٹ ورک کے دونوں سروں پر دباؤ ڈالنے کی پوزیشن میں ہیں، جبکہ ‘‘چین کا انحصار دونوں پر ہے ’’۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے دورہ بیجنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے چین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور مشاورت کو کامیاب قرار دے دیا، انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا چین میں شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کامیاب رہی۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے دورۂ چین کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بعد ازاں انہوں نے اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کر کے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔مزید براں سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع (سول ڈیفنس) کا کہنا ہے کہ فضا میں تباہ کیے گئے ایک ڈرون کا ملبہ طائف شہر پر گِرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ۔ متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ ڈرون حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والا شخص یمنی شہری جبکہ زخمی ہونے دو افراد میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے ، جس کی حالت تشویشناک ہے ۔سعودی فضائیہ نے بحیرہ احمر کے ساحل کے قریب سعودی سرحد سے متصل حجہ صوبے میں اور مزید جنوب میں اندرونِ ملک تعز کے نواح میں تازہ فضائی حملے کیے ۔حجہ کے شہر عبس میں حملوں سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، چار گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا۔سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے جنگی طیاروں نے تعز میں تین ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز کو نشانہ بنایا۔
علاوہ ازیں امریکا نے سعودی عرب کو ایف 35 لائٹننگ ٹو سٹرائیک فائٹر لڑاکا طیاروں اور متعلقہ دفاعی سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اس دفاعی معاہدے کی کل مالیت 24.3 ارب ڈالر ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں کہامجھے امید ہے کہ ہم جنگ کے خاتمے کے قریب ہیں۔ ایرانی ایک معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اب دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے ۔امریکی ایوان نمائندگان نے ایران اور روس پر پابندیوں سے متعلق بل 159 کے مقابلے میں 262 ووٹوں سے منظور کرلیا، جس کے بعد بل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے ۔مزید برآں ایران کے پاسداران انقلاب نے قشم کی فضائی حدود میں امریکی فوج کا ایم کیو۔9 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔جمعرات کو عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی، تاہم وہ 100 ڈالر فی بیرل سے خاصی اوپر رہیں۔ امریکی دبا ئو کے باوجود جنوبی کوریا نے آبنائے ہرمز کیلئے فوج تعیناتی کا فیصلہ مو خر کر دیا، جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے آبنائے ہرمز میں کسی بھی فوجی تعیناتی کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور ہم تمام متعلقہ عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments