مغربی کنارے میں فائرنگ ، اسرائیلی آبادکار ہلاک
برطانوی پاپ گلوکار ایڈ شیرن نے غزہ صورتحال کو تباہ کن قراردیا نیتن یاہو مسجد اقصی کے صحن میں داخل، مذہبی رسومات ادا کیں
رملہ،فلاڈیلفیا (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی مذہبی تہوار یوم کپور سے ایک روز قبل اسرائیلی آبادکار فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ اسرائیلی فوج نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں گاڑی سے ٹکر مارنے کی کوشش کے واقعہ کی بھی اطلاع دی جس میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے علاقے میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے متعدد چیک پوسٹیں بند کردیں۔برطانوی پاپ گلوکار ایڈ شیرن نے غزہ کی صورتحال کو ‘تباہ کن، ناقابل جواز اور غیر متناسب قرار دیتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کردیا۔ انہوں نے یہ بیان فلاڈیلفیا میں کنسرٹ کے آغاز پر دیا جہاں ان کے افتتاحی پرفارمر ریپر میکلمور موجود نہیں تھے ۔ میکلمور کو رواں ماہ نیو جرسی میں ایک کنسرٹ کے دوران ‘‘فری فلسطین’’ کا نعرہ لگانے کے بعد لوپ ٹور سے الگ کردیا گیا تھا۔ ایڈ شیرن کو اس معاملے پر تنقید کا سامنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھی فنکار کے فلسطین سے متعلق بیان کی حمایت نہیں کی۔ شیرن نے کہا کہ انہیں مشکل فیصلے کرنا پڑے اور ان سے غلطیاں بھی ہوئیں۔مقبوضہ مشرقی القدس میں 570 اسرائیلی آبادکار وزیراعظم نیتن یاہو سمیت اسرائیلی فوج کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہو گئے اور تلمودی مذہبی رسومات ادا کیں۔ فلسطینی گورنریٹ القدس نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم متعدد وزرا اور سینکڑوں اسرائیلی بھی فوج کی سخت سکیورٹی میں دیوار براق کے احاطے میں داخل ہوئے ۔حماس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مسجدِ اقصیٰ کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments