چین امریکا کا سٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق

چین امریکا کا سٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق

شی جن پنگ ،اہلیہ کی ٹرمپ اور خاتون اول کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں چائے کی نشست چینی صدر نیشنل آرکائیوز بھی گئے ، امریکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن روانہ

واشنگٹن (اے پی پی)چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں چائے کی نشست میں شرکت کی۔ دونوں ممالک کے سربراہان نے چین-امریکا تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ طور پر باہمی احترام، انصاف اور برابری کی سطح پر تعمیری سٹریٹجک استحکام پر مبنی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین-امریکا تعلقات کا مستقبل روشن ہے ،صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر تاریخ کے لیے جوابدہ  ہونے کے جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ چین-امریکا تعلقات کی ترقی کی تاریخ میں ایک شاندار باب رقم کرنے کا خواہاں ہوں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کا امریکا کا یہ سرکاری دورہ تعمیری اور انتہائی کامیاب ہے ۔ دونوں فریقوں نے چین-امر یکا تعلقات اور اہم بین الاقوامی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور متعدد مثبت نتائج حاصل کیے ، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مل کر چین-امریکا تعلقات کی ترقی کی رہنمائی کرنے کے منتظر ہیں۔

چائے کی نشست کے بعد شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پنگ لی یوان، ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ امریکا کے نیشنل آرکائیوز روانہ ہوئے ۔ دونوں ممالک کے صدارتی جوڑوں نے ایک ساتھ آرکائیوز کے مرکزی ہال میں داخل ہو کر وہاں موجود آرکائیوز اور اہم نمائشی اشیاء کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔شی جن پنگ نے کہا کہ آرکائیوز میں آباؤ اجداد کی حکمت محفوظ اور مستقبل کے لیے رہنمائی موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چین اور امریکا کی تاریخ و ثقافت، سماجی نظام اور ترقی کے راستے مختلف ہیں تاہم دونوں ممالک کے عوام کی بہتر زندگی کی خواہش مشترک ہے ۔شی جن پنگ نے کہا کہ ایک دوسرے کے اختلافات کو تسلیم اور ان کا احترام کرنے ، باہمی افہام و تفہیم اور باہمی استفادے کو فروغ دینے ، مشترکہ نکات تلاش کرنے ، تعاون کی فہرست کو وسیع کرنے اور اختلافات کو مناسب طریقے سے سنبھالنے سے چین-امریکا تعلقات مستحکم اور طویل مدتی ترقی کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔ چینی صدر امریکا کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...