پروازیں بند کیں تو کسی کے جہاز نہیں اڑیں گے :ایران

پروازیں بند کیں تو کسی کے جہاز نہیں اڑیں گے :ایران

ایران کی فوجی طاقت نے امریکا کو حکمتِ عملی بدلنے پر مجبور کیا:پاسدارانِ انقلاب آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت مزید کم،گزشتہ روز صرف 9گزرے

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازوں اور ہوائی اڈوں کی سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی اس کے فضائی آپریشن بھی محفوظ نہیں رہیں گے ۔ایکس اکاؤنٹ پر جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں پروازیں یا تو سب کیلئے کھلی ہوں گی یا کسی کیلئے نہیں ہوں گی۔مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر نے کہا کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹ سروسز حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو خطے کے کسی بھی ملک کو ان سہولیات تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔محمد مخبر نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کے رویے کو ایرانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کا اس معاملے پر مؤقف واضح ہے اور خطے میں فضائی سفر کے حوالے سے کسی بھی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایرانی ایوی ایشن سے منسلک درجنوں اداروں اور 27 ایرانی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ ایران ایئرلائنز کو ایئرپورٹ، لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولیات فراہم کرنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد کئی ممالک بالخصوص خلیجی ممالک نے ایرانی پروازیں منسوخ کردیں۔

تازہ پیش رفت میں عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایران کیلئے اور ایران سے آنے والی تمام پروازیں 25 ستمبر کو رات 2 بجے سے غیر معینہ مدت تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی ملک میں آنے اور جانے والی پروازیں تاحکم ثانی بند کردی ہیں۔ دیگر خلیجی ممالک نے بھی ایرانی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کرچکے ہے ۔خیال رہے کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران کی کئی بین الاقوامی پروازیں پہلے ہی منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ مسافروں کو ترکی، آرمینیا اور دیگر ممالک کے راستے زمینی سفر اختیار کرنا پڑ رہا ہے ۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس یونٹ نے کہا ہے کہ ایران کی فوجی طاقت نے امریکا کو اپنی جنگی حکمتِ عملی تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق امریکا نے اپنی افواج کو مختلف مقامات پر منتشر کرنا، فوجی ساز و سامان کو مزید دور دراز علاقوں میں منتقل کرنا اور خفیہ و زیر زمین مقامات پر انحصار بڑھانا شروع کر دیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی عوام کی مزاحمت و حوصلے اور ایران کی جغرافیائی صورتِ حال کے موثر استعمال نے خطے میں امریکا کی روایتی فوجی تعیناتی کو زیادہ غیرمؤثر بنا دیا ہے ۔دریں اثنا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت مزید کم ہو گئی، گزشتہ روز صرف 9 مال بردار جہاز یہاں سے گزرے ۔شپنگ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق 1 روز قبل 14 جہازوں نے آبنائے ہرمز کو عبور کیا تھا، جبکہ 10 روز کی اوسط تقریباً 18 جہاز ہے ۔ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ روز 9 میں سے 8 جہاز آبنائے ہرمز سے باہر نکلے جبکہ 1 جہاز اندر داخل ہوا۔آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے 8 جہازوں میں 1 بہت بڑا گیس بردار جہاز اور 1 خام تیل بردار سپر ٹینکر بھی شامل تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...