بھارت:الیکشن کمشنر کیخلاف متوقع احتجاج ، بانی کاکروچ پارٹی گرفتار
گیانیش کمار کے استعفے کیلئے روزانہ مظاہرے ہو رہے ، نئی دہلی میں سکیورٹی سخت
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پولیس نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج سے قبل نوجوانوں کی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو حراست میں لے لیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوانوں کی زیرِ قیادت کاکروچ جنتا پارٹی، اپوزیشن گروپس اور طلبا تنظیموں نے رواں ماہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر تقریباً روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے شروع کر رکھے ہیں،پولیس نے نئی دہلی میں احتجاج کے پیشِ نظر سکیورٹی سخت کر رکھی ہے اورمظاہرین کو احتجاجی مقام تک پہنچنے سے روکنے کیلئے مختلف مقامات پر کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں،کاکروچ پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو احتجاجی ریلی میں شرکت سے قبل ہی گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے مظاہرین ووٹر لسٹوں پر نظرِ ثانی کے عمل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے انتخابی عمل میں شفافیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹوں پر نظرِ ثانی کے دوران 13 کروڑ سے زائد افراد کے نام خارج کیے گئے ، جس سے وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو فائدہ پہنچا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments