ٹرمپ آپکو قربانی کا بکرا بنا رہے ہیں ؟یوکرینی صدر سے سوال
زیلنسکی کی معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ خاموشی ،’’میرا یہی جواب ہے ‘‘
برسلز (اے ایف پی) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس سوال پر معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ خاموشی اختیار کر لی کہ آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں اپنی سیاسی مشکلات سے توجہ ہٹانے کے لیے انہیں قربانی کا بکرا بنا رہے ہیں۔یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد برسلز میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے پوچھا کہ کیا ٹرمپ اگلے ماہ ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل اپنی سیاسی مشکلات، ایران کی صورت حال اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار زیلنسکی کو ٹھہرا رہے ہیں؟زیلنسکی نے مسکراتے ہوئے کہا، ‘‘میرا جواب یہی ہے ۔’’ ان کے اس ردعمل پر صحافیوں کی ہنسی چھوٹ گئی۔ دریں اثناء روس اور یوکرین کے درمیان توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو بڑا دھچکا،یوکرین نے روسی آئل ریفائنریوں پر دوبارہ حملے شروع کردیئے جس پر ٹرمپ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’شرمناک‘‘قرار دیدیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی ڈرونز نے گزشتہ روز روس کے ریازان خطے میں واقع ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی، یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کی تنصیبات پر حملے روکنے کیلئے فوری جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ان حملوں کے بعد کہا ہے کہ روس نے اس سمجھوتے کی پابندی نہیں کی ، یوکرین بھی مزید روسی آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنانے سے نہیں رکے گا۔ ٹرمپ نے یوکرین کے حملوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ردعمل میں کہا ہے کہ دنیا کو ڈیزل کی ضرورت ہے ، روسی ریفائنریوں کو نشانہ بنانے سے عالمی توانائی اور ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ، امریکا اس سے قبل یوکرین پر دباؤ ڈال چکا ہے کہ وہ روسی توانائی تنصیبات پر حملے بند کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments