امریکی سپریم کورٹ:9/11حملوں کے ملزم خالد شیخ محمد کی استغاثہ کیساتھ معاہدوں کی بحالی کی اپیل مسترد
واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی سپریم کورٹ نے پیر کو نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد اور ان کے دو مبینہ ساتھیوں کی اپیل مسترد کردی، جس میں منسوخ کیے گئے عدالتی معاہدوں کی بحالی کی درخواست کی گئی تھی۔
خالد شیخ محمد، ولید بن عطاش اور مصطفی الحوساوی نے 2024 میں صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں سزائے موت سے بچنے کے لیے استغاثہ کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔ تاہم متاثرین کے بعض اہل خانہ کی تنقید کے بعد امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے یہ معاہدے منسوخ کردیے ، جس پر قانونی تنازع کھڑا ہوگیا۔گزشتہ سال اپیلٹ کورٹ نے قرار دیا تھا کہ آسٹن نے اپنے قانونی اختیارات کے دائرے میں رہتے ہوئے فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ نے مختصر حکم میں اپیل پر سماعت سے انکار کردیا۔تینوں ملزمان کیوبا میں امریکی فوجی اڈے گوانتانامو میں قید ہیں اور ان کے خلاف جون 2028 میں مقدمے کی سماعت متوقع ہے ۔ خالد شیخ محمد کو مارچ 2003 میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمے میں سی آئی اے کے مبینہ تشدد کے باعث منصفانہ ٹرائل سے متعلق سوالات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments